Weekly News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, (Punjab) Pakistan.

اٹک ، حضرو ، کامرہ ، حاجی شاہ ،جنڈ،بسال ، پنڈی گھیب اور گردونواح میں مضر صحت اشیائے خوردونوش کی فروخت دھڑلے سے جاری
اٹک ، حضرو ، کامرہ ، حاجی شاہ ،جنڈ،بسال ، پنڈی گھیب اور گردونواح میں مضر صحت اشیائے خوردونوش کی فروخت دھڑلے سے جاری ،شہری بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ،گھریلو استعمال اورمہمانوں کی تواضع کیلئے ڈرنکس اور بیکری آئیٹمز کی مانگ میں اضافے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکاندار مضر صحت مشروبات اورلوکل بیکریوں کی تیار کردہ ناقص اشیاء دھڑلے سے فروخت کر نے لگے جس کے استعمال سے لوگ گلے کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ فوڈ انسپکٹر علاقہ کا رخ کرنا بھی گوارا نہیں کرتے ،اگر کبھی راستہ بھول کر اس علاقے کا رخ کر بھی لیں تومبینہ طور پرنذرانے وصول کر کے چلے جاتے ہیں، مضر صحت اشیاء کی فروخت اور تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنا اور انہیں انسانی جانوں سے کھیلنے کی کھلی چھوٹ دے دینا بھی ان کے اس جرم میں شریک ہونے کے مترادف ہے ۔اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ مضر صحت اشیائے خوردونوش بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور فوڈانسپکٹر کا قبلہ درست کر کے ایمانداری سے ڈیوٹی سرانجام دینے کی ہدایات جاری کی جائیںیا کوئی ایماندار اور فرض شناص فوڈانسپکٹر تعینات کیا جائے۔

اٹک شہراور گردونواح میں گزشتہ تین دن سے واپڈا کی غیر اعلانیہ ظالمانہ لوڈ شیڈنگ سارا سارا دن بغیر بتائے بجلی بند رکھنا معمول بنا لیا
اٹک شہراور گردونواح میں گزشتہ تین دن سے واپڈا کی غیر اعلانیہ ظالمانہ لوڈ شیڈنگ سارا سارا دن بغیر بتائے بجلی بند رکھنا معمول بنا لیا ہے ،عوام کاموقف ہے کہ حکومت کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کر کے ضلع اٹک میں مسلم لیگ (ن) کی بلدیاتی الیکشن میں ناکامی کا بدلہ لیا جارہا ہے ‘شہریوں میں حکومت کے خلاف نفرت میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے ۔اٹک شہر اور قرب و جوار کے دیہات شکردرہ ، سنجوال، کامرہ ،مرزا، بولیانوال،دورداد ، گولڑہ، اکھوڑی، بوٹا، فقیر آباد ، جبی، سروالہ، شین باغ میں واپڈ ا کی طرف سے گزشتہ تین روز سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ،24گھنٹے میں ہر دو گھنٹے بعد ایک گھنٹہ لوڈ شیڈنگ کے علاوہ صبح 9بجے سے سہ پہر 3بجے تک مسلسل چھ ، چھ گھنٹے لوڈ شیڈ نگ کر کے شہریوں کا جینا محال کر رکھا ہے، شہریوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ضلع اٹک سے میجر طاہر صادق گروپ کی کامیابی پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کر کے عوام کو سزا دی جارہی ہے مگر حکومتی جماعت جان لے کہ آنے والے الیکشن میں بھی عوام مسلم لیگ (ن) کو مسترد کر یں گے عوام نے حکومت کی طرف سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شدید احتجاج کیا ہے ۔

اٹک سٹی:میو نسپل کمیٹی اٹک کی نو منتخب قیادت عوام کے درینہ مسا ئل حل کرے گی ؛ محمد سلیم شہزاد
میو نسپل کمیٹی اٹک کی نو منتخب قیادت عوام کے درینہ مسا ئل حل کرے گی ،اٹک کے شہریوں نے جس قیادت کو منتخب کیا ہے وہ نوجوان پڑھے لکھے افراد پر مشتمل ہے ۔چیئرمین نا صر محمو دشیخ ،وائس چیئرمین ملک طاہر عوان کی قیادت میں اٹک شہر مثالی شہر بنے گا،ضلع کو نسل کے الیکشن میں مسلم لیگ( ن) سے غداری کر نے والے جلد بے نقا ب ہو ں گے ۔ان خیالا ت کا اظہار ڈپٹی ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) محمد سیلم شہزاد نے ایک ملاقات میں کیا ،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے قائدین جس طرح عوام کی خدمت کر رہے ہیں ،اسی طرح مسلم لیگ (ن )کی قیادت چیئرمین نا صر محمو د شیخ بھی عوام کی خدمت کرے گے شریف برادران ملک کو ترقی کی طرف گامزن کر رہے ہیں ۔ہما ری سیاست شرافت پر مبنی ہے ہم نے جو وعدے عوام سے کئے تھے وہ پورا کر رہے ہیں ،شریف برادران نے ملک کی ترقی وخوشحا لی کے لئے ٹھو س حکمت عملی کر رہے ہیں وہ دن دور نہیں جب پا کستان ایک خوشحال اور ترقی یا فتہ ملک کہلا ئے گا ملک میں ترقیاتی کا موں کا سلسلہ تیزی سے جا ری ہے اور مسلم لیگ (ن )کے دور حکومت میں یہ ترقیا تی کا م اپنے پایہ تکمیل تک پہنچے گے وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کی قیادت میں ضلع اٹک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ہم ضلع اٹک کو پنجا ب کا مثا لی شہر بنا ئے گے ۔

ضلع اٹک:آرمی کا اعلیٰ افسر ظاہر کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج
آرمی کا اعلیٰ افسر ظاہر کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج ، تفصیلات کے مطابق علی حسین شاہ اے ایس آئی تھانہ جنڈ امام بارگاہ روڈ پر پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے والے کیپٹن محمد عدیل خان ولد بشیر سکنہ جوہر آبا د خوشاب کو مشکوک جانتے ہوئے تلاشی لینے پر مذکورہ شخص کی شرٹ کی جیبوں سے آرمی کا کارڈشولڈر سٹار کیپٹن دو عدد اور دیگر حساس ادارے کے کاغذات بر آمد ہوئے ۔ ملزم محمد عدیل خان نے بتایا کہ اس کو کیپٹن بننے کا شوق ہے جس کی وجہ سے ان چیزوں سے فائدہ اُٹھاکر خود کو کیپٹن ظاہر کر تا ہے، آرمی کی مخصوص اشیاء پنے پاس رکھنے پر ملزم کے خلاف 170/171ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔

اٹک سٹی:قمار بازی کے اڈے پر چھاپہ ، بیٹروں کے ذریعے قمار بازی کرنے والے 11قمار باز گرفتار
قمار بازی کے اڈے پر چھاپہ ، بیٹروں کے ذریعے قمار بازی کرنے والے 11قمار باز گرفتار ، تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر قلب عباس تھانہ اٹک سٹی نے عملے کے ہمراہ سول بازار بیٹر والی گلی میں شاہرا ہ عام پر بیٹروں پر رقم لگا کر قمار بازی میں مصروف افراد کو قابو کر کے داؤ پر لگی ہوئی رقم پڑ 21ہزار روپے 7موبائل مالیتی 18ہزار روپے اور پڑ میں 17عدد بیٹرے مالیتی 34ہزار روپے کل 73ہزار رروپے بر آمد کر کے ملزمان کے خلاف 5پنجاب قمار بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

ضلع اٹک:تیز رفتار گا ڑی ڈرائیورنے مو ٹر سائیکل کو ٹکر ما ر کر مو ڑسائیکل سوار کو کچل دیا
تیز رفتار گا ڑی ڈرائیورنے مو ٹر سائیکل کو ٹکر ما ر کر مو ڑسائیکل سوار کو کچل دیا ،مقدمہ درج تفصیلا ت کے مطا بق مقصود حسین شاہ ولد مرتضیٰ ساکن غرشین نے تھانہ صدر اٹک میں بیا ن دیا ہے کہ میں اور میرا بھا ئی عابد شاہ مو ٹر سائیکل پر سوا ر ہو کر جھلا خا ن چو ک کے قریب جا رہے تھے ۔اسی اثنا ء میں ایک کو سٹر LZR-3327تیز رفتاری سے آئی اور ہمارے مو ٹر سائیکل کو ٹکر ما ر دی جس سے میرا بھا ئی منظورشاہ زخمو ں کی تاب نہ لا تے ہوئے جا ن بحق ہو گیا ،پولیس تھانہ صدر اٹک نے مقصود حسین شاہ کی درخواست پر کوسڑ ڈرائیور کے خلاف تیز دفعہ 279/427/322/337Gت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔

اٹک سٹی:ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اٹک کے سالانہ انتخابات کے موقع پرثمینہ اسلم اعوان بلامقابلہ منتخب ہوگئیں
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اٹک کے سالانہ انتخابات کے موقع پر امیدوار برائے صدر بار اٹک سید طاہر حسین بخاری ایڈووکیٹ کے پینل سے جوائنٹ سیکرٹری کی امیدوار ثمینہ اسلم اعوان بلامقابلہ منتخب ہوگئیں ہیں ۔دوسرے گروپ نے ان کے مخالف اپنا امیدوار کے کا غذات جمع نہیں کرائے امیدوار برائے ڈسٹرکٹ بار سید طاہر حسین بخاری ایڈوکیٹ ہائی کورٹ نے اپنے گروپ سے بلامقابلہ منتخب ہونے والی جوائنٹ سیکرٹری ثمینہ اسلم اعوان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی بارش کا پہلا قطرہ ہے انشااللہ 14 جنوری کو ہمارا پینل کامیابی سے ہمکنار ہو گااور ماضی کی طرح وکلا برادری کی خدمت جاری ر ہے گی۔

اٹک سٹی:جمعیت علماء اسلام اٹک کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں صدسالہ کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا
جمعیت علماء اسلام اٹک کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں صدسالہ کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ 19جنوری کو مجلس عمومی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا اور تما م بنیادی یونٹوں سمیت دیندار عوام کو بھی متحرک کیا جائے گا تاکہ یوم تاسیس کے موقع پر حرمین کے آئمہ کرام اور عالمی شخصیات کے خیالات پوری قوم تک پہنچ سکے ،اجلاس میں وال چاکنگ ،ہینڈ بل،کا خاکہ بھی تیار کیا گیا ہے جو عوام کو یوتاسیس کے اجتماع کے حوالے سے اگاہی فراہم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگااجلاس ضلعی امیر مولانا شیر زمان کی زیر صدارت جامعہ علوم شرعیہ اٹک میں منعقد ہوا جس میں ضلعی جنرل سیکرٹری محمد قاسم وردگ،قاضی خالد محمود،مفتی سعید الرحمان،مفتی عبد اللہ ،حافظ ہارون الرشید،مولانا بلال بادشاہ ،قاری حسن خان ،قاری عبد الرؤف،مولانا زکریا کلیم اللہ ،قاری محمد اقبال،مولانا یاسر زمان،نے شرکت کی اجلاس میں ان راہنماؤں نے صدسال کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے مہم کا اغاز کیا جائے اور مجلس عاملہ ضلعی امیر کی قیادت میں ضلع بھر کی تحصیلوں کا دورہ کرے گی اور ضلع عوام کی شرکت کویقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائینگے ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 19جنوری کو ضلعی مجلس عمومی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا اس سے قبل تمام تحصیلوں کی مجالس کے اجلاسات منعقد کیے جائینگے ، اسموقع پر مولانا شیر زمان نے کہا کہ صدسالہ عالمی اجتماع ملک وملت کے لیے عظیم خوشخبری کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ،قوم کی مایوسی دور ہوگی اور پاکستان کو عالمی سامراج کے ایجنٹوں سے چھٹکارا دلانے کے لیے کارگر ہوگا ۔

گورنمنٹ ہائی سکول حضرو 1کے ہیڈ ماسٹر جاوید محمود ملک کے چارج سنبھالنے کے بعد سکول کامیابیوں کا جانب گامزن ہے ؛ نوراحمد سائیں
گورنمنٹ ہائی سکول حضرو 1کے ہیڈ ماسٹر جاوید محمود ملک کے چارج سنبھالنے کے بعد سکول کامیابیوں کا جانب گامزن ہے ،جاوید محمود ملک نے حضرو ہائی سکول میں ڈسپلن اور تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے سکول کو مزید بہتری کی طرف لانے میں ہمہ وقت کو شاں ہیں ۔ان خیالات کا اظہار حضرو شہر کی معروف سوشل شخصیت سائیں نور احمد اور ماسٹر محمد طفیل قریشی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا، انہوں نے کہا حضرو شہر اور چھچھ میں تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،گورنمنٹ ہائی سکول حضرو کا شمار چھچھ کے قدیمی تعلیمی درسگاہوں میں ہوتا ہے ،اس وقت 1500سے زائد طلباء سکول ہذا میں زیر تعلیم ہیں اور اس سکول کو تجربہ کار ،مخلص ،ایماندار اور قابل انچارج کی ضرورت تھی جو ہیڈ ماسٹر جاوید محمود ملک جیسے فرض شناس آفیسر کی صورت میں پوری ہوئی ہم ہیڈ ماسٹر جاوید محمود ملک کی کارکر دگی سے مطمئن ہیں وہ جس انداز ، محنت اورلگن سے سکول کو کامیابیو ں کی جانب لے کر جا رہے ہیں ‘قابل تحسین ہے ،چند دن قبل ان کے خلاف چلائی گئی پروپیگنڈہ مہم میں کوئی صداقت نہیں ،جاوید محمود ملک روزانہ راولپنڈی سے صبح سویرے سکول میں پہنچ آتے ہیں انہوں نے سکول کے اساتذہ اور طلباء پر سخت پابندی عائد کر رکھی ہے کہ وہ سکول کے تعلیمی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرینگے ان کی ہر ممکن کو شش ہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول حضرو 1چھچھ واٹک کے دیگر سکولوں میں ڈسپلن ،رزلٹ اور ہر حوالے سے پہلے نمبرپر آئے ہم محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران سے پروزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ جاوید محمود ملک جیسے فرض شناس ،مخلص اور ایماندار ہیڈ ماسٹر کی تعیناتی کو سکول ہذا میں برقرار رکھیں ۔

بنگئی حضرو: میجر گروپ نے ضلع اٹک میں اپنی مثالی جیت سے یہ ثابت کر دیا کہ یہی گروپ عوام کی امنگوں کا ترجمان گروپ ہے؛ سلیم پھولا
میجر گروپ نے ضلع اٹک میں اپنی مثالی جیت سے یہ ثابت کر دیا کہ یہی گروپ عوام کی امنگوں کا ترجمان گروپ ہے، گروپ سربراہ میجر طاہر صادق نے اپنے دور اقتدار میں سینکڑوں لوگوں کو سرکاری ملازمتیں دیں ،ضلع بھر میں ان کے ترقیاتی کاموں کی مثال نہیں ملتی ،آج اسی کا ثمرہ ہے کہ (ن ) لیگی وزراء ،ایم این اے وایم پی ایز اور حکومتی مشینری کو مکمل جام کر کے ان کی جیتی ہوئی سیٹ ان کے منہ سے چھین لائی ‘ہم اپنے ہر دلعزیز لیڈر میجر طاہر صادق کو ان کی صاحبزادی ایمان طاہر کے ضلعی چیئر پرسن منتخب ہو نے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار حضرو (بن گئی ) کی معروف سیاسی شخصیت سلیم پھولا نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا ،انہوں نے کہا میجر گروپ کا ضلع اٹک میں کوئی ثانی نہیں ،میجر گروپ ضلع اٹک میں وہ واحد گروپ تھا جسے وزارتوں اور اہم عہدوں کی پیشکش ہوئی مگر انہوں نے(ن ) لیگی حکومت کی ہر آفر کو ٹھوکر مار انہیں ضلع میں ایسی عبرتناک شکست سے دوچار کیا کہ جس کا چرچہ پورے پاکستان بلکہ عالمی دنیا میں ہو رہا ہے ، انشاء اللہ ہم پہلے کی طرح آئندہ ہر موڑ پر میجر گروپ کے ساتھ چٹان کی طرح مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں کوئی ماں کا لال یہ ابت نہیں کر سکتا کہ ہم نے اپنے گروپ کے سوا کسی سے بھی لیڈر یا پارٹی سیکوئی فائدہ حاصل کیا ہو انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ضلع اٹک کی عوام 2108کے الیکشن میں میجر گروپ کے امیدواروں کے حق میں فیصلہ دیگی ۔

اٹک سٹی:محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نئے سنٹرز کے قیام سمیت متعدد اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں؛ ظفر اقبال
محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نئے سنٹرز کے قیام سمیت متعدد اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری پنجاب محکمہ پاپولیشن ویلفیئر نے عوامی فلاح کے لیے خصوصی طور پر ضلع اٹک میں 29نئے فلاحی مرکز قائم کیے جارہے ہیں جن میں سے 20نے کام شروع کر دیا ہے جبکہ 9مزید سنٹرز اور عملے کی بھرتی کی جارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ظفر اقبال،ڈیمو گرافر توقیر شہزاد نے میڈیا بریفنگ میں کیا ہے، اس موقع پر اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر قیصر بھی موجود تھے ۔ظفر اقبال نے کہا کہ عوامی شعور بیدار ی کے لیے علما ء ٹیچرز ورکشاپ کے علاوہ نواحی دیہات میں فری میڈیکل کیمپ لگائے جارہے ہیں ،انہوں نے مزیدکہا کہ اس حوالے سے ضلع اٹک کی کارکردگی گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال بہتر رہی ہے ،اس موقع پر توقیر شہزاد نے ملٹی میڈیا کے ذریعے محکمہ کے اعداد و شمار، کارکردگی اور مستقبل کے حوالے سے صحافیوں کو بریف کیا ۔ظفر اقبال نے مزید کہا کہ اس حوالے سے صحافی معاشرے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ‘کسی بھی دیہات میں فری میڈیکل کیمپ لگانے اور محکمہ کی خدمات حاصل کرنے کے حوالے سے ہمارے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں ۔

اٹک شہر کی فاروق اعظم کالونی میں سوئی گیس کا شدید بحران ‘ناشتے ،دوپہر اور شام کھانے کے اوقات میں گیس مکمل طور پر غائب
اٹک شہر کی فاروق اعظم کالونی میں سوئی گیس کا شدید بحران ‘ناشتے ،دوپہر اور شام کھانے کے اوقات میں گیس مکمل طور پر غائب ‘اہلیان علاقہ سوئی گیس لوڈ شیڈنگ کے ہاتھوں پریشانی کا شکار ! اہل محلہ ظہیر خان ، ساجد شاہ،ندیم خان اور امجد خان نے میڈیا نمائندوں کوبتایا ہے کہ گزشتہ روز صبح 7:30بجے سے 8:30بجے تک مسلسل لوڈشیڈنگ کی گئی جبکہ عام اوقات میں ناشتے اور کھانے کے اوقات میں گیس بالکل نہیں ہوتی اہلیان محلہ نے اصلاح و احوال کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف تحصیل اٹک کا ایک اہم تنظیمی اجلاس اٹک کینٹ میں منعقد ہو
پاکستان تحریک انصاف تحصیل اٹک کا ایک اہم تنظیمی اجلاس تحصیل صدر پی ٹی آئی اٹک چوہدری عابد رضا کی صدارت میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی پنجاب حلقہ پی پی15تحصیل اٹک سید اعجاز حسین بخاری ایم پی اے کی رہائش گاہ نزد گورا قبرستان چوک اٹک کینٹ میں منعقد ہوا ،اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف تحصیل اٹک کے تمام عہدیداران کے نام متفقہ طور پر فائنل کر کے تنظیم سازی مکمل کی گئی جبکہ اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف تحصیل اٹک کے تمام نومنتخب عہدیداران کو پارٹی کی جانب سے عہدیدار کے نوٹیفکیشن بھی جاری کیے گئے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف تحصیل اٹک کی نئی تنظیم سازی کے مطابق تحصیل صدر پی ٹی آئی اٹک چوہدری عابد رضا ،تحصیل جنرل سیکرٹری اٹک شیخ طارق محمود،تحصیل سنےئر نائب صدر اول اٹک قاضی بابر اعجاز ،تحصیل سنےئر نائب صدر دوئم اٹک ملک محمد فیاض ،تحصیل نائب صدر اول اٹک ملک محمد عبداللہ ،تحصیل نائب صدر دوئم اٹک سید مہدی نقوی،تحصیل نائب صدر سوئم اٹک قاضی ناظم ،تحصیل نائب صدر چہارم اٹک سید عاشق حسین شاہ ،تحصیل ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اٹک ڈاکٹر نور الامین ،تحصیل جوائنٹ سیکرٹری اول اٹک محمد رشید آف گوندل ،تحصیل جوائنٹ سیکرٹری دوئم اٹک فرقان حیدر بخاری آف کامرہ کینٹ ، تحصیل سیکرٹری مالیات اٹک وسیم عباس ، تحصیل سیکرٹری نشرو اشاعت اٹک رضوان عالم اعوان ،تحصیل پریس سیکرٹری اٹک مہتاب احمد خان مغل مٹھیالوی،تحصیل آفس سیکرٹری اٹک مسعود نعمان ،تحصیل سیکرٹری یوتھ (نوجوانان) اٹک جمیل الرحمان مغل ،تحصیل سیکرٹری اقلیت نومنتخب کونسلر یونین کونسل کامرہ شہزاد سلیم آف کامرہ کینٹ ،صدر یونین گولڑہ تحصیل اٹک مراد بٹ، جنرل سیکرٹری یونین کونسل گولڑہ تحصیل اٹک رفاقت کو متفقہ طور پر منتخب کر لیا گیا ہے ، پاکستان تحریک انصاف تحصیل اٹک کے تنظیمی اجلاس کے موقع پر آئندہ سال 2018ء میں آنے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پنجاب حلقہ پی پی15تحصیل اٹک سید یاور عباس بخاری ، پرسنل اسسٹنٹ (پی اے) ٹو سید اعجاز حسین بخاری ایم پی اے سید محمود شاہ،ملک فیملی اور علاقہ چھچھ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک اعجاز آف سیدن ،سٹی صدر پی ٹی آئی اٹک عابد حنیف،سٹی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اٹک شہزاد محی الدین ، بخاری فیملی اور اٹک کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت مظہر بخاری ،امیدوار برائے ضلعی صدر پی ٹی آئی یوتھ ونگ اٹک ملک عمران گڈو کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران اور کارکنان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

ضلع اٹک کا تاریخی اور مشہور گاؤں بسال مسائل کی آماجگاہ بن گیا
ضلع اٹک کا تاریخی اور مشہور گاؤں بسال مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے،سرکاری املاک ٹوٹ پھوٹ کا شکارہیں،کوئی دیکھ بھال کرنے والا نہیں،جسکی واضح مثال بسال کا زراعت دفترہے جو کئی سالوں سے بند پڑا اپنی بے بسی کی مثال پیش کر رہا ہے جس کی کھڑکیاں اور دروازے دیمک کی خوراک بن رہے ہیں مگر وہاں تعینات محکمہ زراعت کا اہلکار مسلسل غائب ہے، اس دفتر کے برآمدے میں کبھی کبھار موچی حضرات یا پکوڑا فروش اپنے فرائض سرانجام دیتے نظر آ جاتے ہیں تو کبھی نشئی یہاں دیکھنے میں آتے ہیں جس سے عمارت کے کار آمد ہونے کا کوئی ثبوت ملتا ہے ،گاؤں کی بیشتر آبادی کا دارومدار زراعت پر ہے اور حکومت پنجاب کے دعووں کے باوجودیہاں کوئی بھی کسانوں کو بیج اور کھاد وغیرہ کی رہنمائی کے لیے موجود نہیں‘اس سے پہلے بھی متعدد دفعہ میڈیا کی وساطت سے حکومت کی توجہ ان مسائل کی طرف دلانے کی کوشش کی گئی مگر انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوئی ،اہلیان علاقہ نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ زراعت کے بسال میں تعینات فیلڈ اسسٹنٹ کی دفترمیں حاضری کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسانوں کو مفید مشورے مل سکیں اور کسانوں کی بہتررہنمائی ہو سکے۔

حضروسٹی:ملک میں تبدیلی کسی ایمپورٹ نظام سے نہیں آئے گی ‘حقیقی تبدیلی اسلامی نظام سے ہی ممکن ہے ؛ جے یو آئی کے مقررین کا خطاب
ملک میں تبدیلی کسی ایمپورٹ نظام سے نہیں آئے گی ‘حقیقی تبدیلی اسلامی نظام سے ہی ممکن ہے ،عوام نے ملک کو سیکولر بنانے والوں کو پہلے بھی مسترد کیا ہے اور آئندہ بھی مسترد کرینگے ،تبدیلی نعروں سے نہیں عمل سے آیا کرتی ہے ،نئے نعروں کے ذریعے قوم کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا ہے ،قوم نئے چہروں کو اچھی طرح جانتی ہے ،جمعیت کی پر امن جدوجہد کا مقصد پاکستان کو بیرونی تسلط سے سے آزاد کرواکر اسلامی نظام کا عملی نفاذ ہے ۔ان خیالات کا اظہار مرکزی قائم مقام سیکر ٹری جنرل جے یو آئی مولانا محمد امجد خان ،مولانا شیر زمان ،مولانا محبوب الرحمن قریشی،مولانا ظہورالحق ،مولانا قاری عالم زیب، مولانا یاسر زمان ،قاری عبد الوحید صدیقی،قاری محمد سرفراز ،حضرت مولانا سعد امین ،سیداعجاز شاہ کاظمی ،حافظ شیراز معاویہ اور دیگر نے جامع مسجد نور محلہ فاروق اعظم حضرو اٹک میں محسن انسانیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ آمنہ کے لعل اللہ کے آخری نبی ﷺ ہیں ،آپ ؐ کی ذات کے ذریعے جو کلام دیا گیا ہے اس کی حفاظت کا بھی ذمہ خود اللہ نے لیا ہے اور آج ساری دنیا میں قر آن مجید محفوظ ہے اور آپ کی سیرت کا ایک ایک پہلوبھی محفوظ ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ ؐ جو نظام لے کر آئے ہیں اس نظام پر عمل کرنے سے ہی معاشرے کے تمام طبقات کو حقوق مل سکتے ہیں آپ کے پیغام محبت اور رحمت کو عام کر نے کی ضرورت ہے مسلم معاشرے کی اصلاح اور محبت کو عام کر نے کے لیئے بنیادی کردار منمبر ومحراب کا ہے اس حوالے سے تمام مسالک کے علماء اور دینی مدارس کو اپنا کردار ادا کر نا چاہیے جے یوآئی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کررہی ہے وطن سے نفرتوں اور کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے باڈرز کی صورتحال ہمیں اتحاد واتفاق کادرس دیتی ہے دشمن بری نظر سے دیکھ رہاہے اور بری سوچوں کو مسلط کر نا چاہتا ہے وطن پر اگر مشکل وقت آیا تو دینی مدارس کے علماء اور طلباء ہر قربانی دینے کے لیئے تیار ہے ،برما ،حلب کشمیر اور دیگر ممالک میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم نے چنگیزیت کی تاریخ رقم کر دی ہے ،اقوام متحدہ اور آئی سی اور اسلامی ممالک کے سربراہان بر ما ،حلب سمیت دیگر ممالک میں مسلمانوں پرہونے والے مظالم کا نوٹس لیں ،انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں سب سے مؤثر رول علماء کا رہاہے اور آئندہ یہ بھی کردار جاری رہے گا برما حلب اور کشمیر اور دیگر ممالک میں مسلمانوں کاخون پانی کی طرح بہہ رہاہے لیکن انسانی حقوق کا کوئی ٹھیکیدار ان کے حق میں آواز اٹھانے کے لیئے تیارنہیں ہے بلکہ مظلوم انسانوں کا خون بہتا ہوا دیکھ رہے ہیں امت مسلمہ یواین او یاکسی سلامتی کونسل سے کوئی خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیے برما ،کشمیر ،اور حلب کے مظلوم خواتین کسی محمد بن قاسم کی راہ دیکھ رہی ہیں او آئی سی نے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے اسلام ممالک کوکسی کی طرف دیکھنے کے بجائے اپنے فیصلے خود کر نے لیئے جرأت مندانہ فیصلے کر نے ہوں گے وگرنہ یو این او اسی طرح مسلمانوں کا خون بہانے کے راستے کھولتے رہیں گے ۔

اٹک خورد:تھانہ اٹک خورد پولیس نے 5کلو گرام چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا
تھانہ اٹک خورد پولیس نے 5کلو گرام چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ،تفصیلات کے مطابق تھانہ اٹک خورد پولیس نے دوران چیکنگ پشاور کی جانب سے آنے والی ہائی ایس میں سوار ایک مشکوک عورت ی بی بی ساکن پشاور سے5کلو گرام چرس برآمد کے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔

اٹک سٹی: رانا اکبر حیات نے ڈی سی او آفس اٹک کایکم جنوری 2017کو بحیثیت ڈپٹی کمشنر اٹک چارج سنبھال لیا
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ہونے نوٹیفکیشن پر ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے ڈی سی او آفس اٹک کایکم جنوری 2017کو چارج سنبھال کر بحیثیت ڈپٹی کمشنر اٹک اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی شروع کردی ہیں ،علاوہ ازیں محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈولپمنٹ حکومت پنجاب لاہور کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اٹک اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی
اٹک کا بحیثیت ایڈمنسٹریٹر چارج بھی ان کے پاس رہے گا۔